نئی دہلی، 30؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )دہلی یونیورسٹی میں داخلہ کے خواہش مندطلبا کے لیے کٹ آف ہی تشویش کا موضوع نہیں ہے بلکہ داخلے کی کاروائیوں کو آن لائن کرنے کی ڈی یو کی کوششوں کو آج اس وقت دھچکا لگا جب داخلے کے پہلے دن ہی یونیورسٹی کی ویب سائٹ کریش کرگئی۔ یونیورسٹی کے حکام نے کہا کہ انہیں اس معاملے کی معلومات ہے اور اس مسئلہ پر توجہ دے رہے ہیں۔یونیورسٹی نے کل دیر رات پہلی کٹ آف لسٹ کا اعلان کیا تھا اوردرخواست دہندگان کو پہلی فہرست میں دیکھنی تھی اور پھر اندراج کے پورٹل پر کورس اور کالج کا انتخاب کرناتھا تاکہ داخلے کی درخواست حاصل کی جا سکے۔اس کے آخر میں پرچی اور دیگر دستاویزات کے ساتھ متعلقہ کالج سے رابطہ کرنا تھا۔ ایس آرسی سی کالج میں بی کام کی امیدوارنسرین گھئی نے کہا کہ ویب سائٹ کام نہیں کر رہی ہے اور میں کالج اس امید کے ساتھ گئی تھی کہ وہ مجھے داخلے کی اجازت دیں گے کیونکہ میں اہل ہوں،لیکن انہوں نے کہا کہ پرچی ضروری ہے۔ایل سی آر کالج میں اپنی بیٹی کے ساتھ آئی تنکا دوا نے کہا کہ آن لائن داخلہ کی پرچی حاصل کرنا پیچیدہ عمل ہے۔میں ایسا کر پائی لیکن اس کا پرنٹ نہیں لے پائی کیونکہ اس وقت تک پورٹل کریش کر گیاتھا۔میں نے اسکرین سے تصویر لے لی لیکن افسر اسے قبول نہیں کر رہے ہیں۔